پیرس : فرانس میں ہونے والی ٹیکس ورلڈ پیرس ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستانی اسٹالز لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے جسے پاکستانی سفیر نے بھی خوب سراہا۔
فرانس میں تعینات پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے ٹیکس ورلڈ پیرس کے 58ویں ایڈیشن نمائش میں شرکت کی
انہوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی کمپنیوں کے نمائندگان سے ملاقاتیں کیں،
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایسی بین الاقوامی نمائشیں پاکستان کی برآمدات کے فروغ اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ٹیکس ورلڈ پیرس ٹیکسٹائل کے شعبے کی ایک معروف عالمی نمائش ہے جو سال میں دوبار پیرس میں منعقد ہوتی ہے، جہاں دنیا بھر سے انڈسٹری کے بڑے خریدار اور برانڈز شریک ہوتے ہیں۔
ٹیکس ورلڈ پیرس نمائش میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستانی نمائش کنندگان کی کارکردگی اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل مصنوعات عالمی منڈی میں پاکستان کی پہچان بنا رہی ہیں۔
نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کا مقصد اعلیٰ معیار کے ملبوساتی کپڑوں کی بڑی رینج پیش کرنا تھا، جو پاکستان کی مضبوط ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ صلاحیت اور قیمت افروز پیداوار کی عکاسی کرتا ہے۔
صنعتی نمائندگان کے مطابق ٹیکس ورلڈ پاکستان کی ٹیکسٹائل اور اپیرل انڈسٹری کے لیے یورپی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانے، نئےتجارتی روابط قائم کرنے اور بین الاقوامی خریداروں سے براہِ راست رابطے کے ذریعے ترقی کو اجاگر کرنےکا ایک اہم ذریعہ ہے۔
THE PUBLIC POST