جنوری میں پاکستان کی برآمدات پہلی بار 3 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد:ایس آئی ایف سی کی معاشی اور تجارتی حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان نے برآمدات اور تجارتی ترقی میں تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔

برآمدات میں اضافہ ملکی زرمبادلہ، وسیع روزگار کے مواقع اور اقتصادی خودمختاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ جنوری میں پاکستان کی برآمدات پہلی بار تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

پاکستان بیورو آف اسٹاٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق برآمدات میں تاریخ ساز اضافہ اور درآمدات میں نمایاں کمی سے تجارتی خسارہ کم ہوا۔ جنوری میں برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچیں جبکہ درآمدات کم ہو کر تقریباً ساڑھے 5 ارب ڈالر رہیں۔

ماہانہ بنیاد پر برآمدات میں تقریباً 35 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور درآمدات میں تقریباَ 5 فیصد کمی سے تجارتی خسارہ نمایاں طور پر محدود ہوا۔ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مجموعی برآمدات 18 ارب ڈالر اور درآمدات 40 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی سرگرمیوں میں مضبوط پیش رفت ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔

مشیرخزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستانی برآمدات میں سب سے بڑا حصہ ٹیکسٹائل شعبے کا ہے جو ماہانہ بنیادوں پر ویلیو ایڈڈ سیگمینٹ میں دسمبر کی بنسبت جنوری میں قوی بہتری دکھا رہا ہے۔ ملک کے اہم شعبوں جیسے اسپورٹس، کیمیکل، فارما، سیمنٹ اور انجینئرنگ گڈز کی برآمدات میں بھی واضح بہتری دیکھی گئی۔

خرم شہزاد کے مطابق ویلیو ایڈڈ شعبے ملکی معیشت اور برآمدات میں نمایاں اور موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔

جنوری 2026 میں پاکستان کا تجارتی خسارہ شش ماہی بنیاد پر 35 فیصد سے کم ہو کر تقریباَ 28 فیصد رہ گیا ہے۔

وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے ایکسپورٹ ڈویلپمینٹ سرچارج کا خاتمہ، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور فائنینسنگ ریٹس میں واضح کمی ایک انقلابی اقدام ہے۔ یہ تمام اقدامات وزارتِ خزانہ اور ایس آئی ایف سی کی مشترکہ کوششوں کا مظہر ہیں، جو پاکستان کی تجارتی ترقی کو فروغ دے رہے ہیں۔

Check Also

وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج شام طلب،وزیراعظم عالمی ایشوز پر اعتماد میں لیں گے

اسلام آباد:وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا ہے، جس میں وزیراعظم عالمی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *