ایرانی میزائل یورپی ملکوں و امریکی اڈوں کیلئے خطرہ ہیں:ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم نے ایران میں مظاہرین کی پھانسیاں رکوائیں، ایران ایسے میزائل بنا رہا ہے جو جلد ہی امریکا تک پہنچیں گے، ایران کے میزائل یورپی ملکوں اور امریکی اڈوں کے لیے خطرہ ہیں، ہم ایران سے ڈیل کی کوشش کر رہے ہیں، ہم سننا چاہتے ہیں کہ ایران نیوکلیئر ہتھیار نہیں بنائے گا، میری ترجیح ہے کہ ایران کا مسئلہ سفارت کاری سے حل ہو۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسرے دورِ صدارت کا پہلا اسٹیٹ آف یونین خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکی تاریخ میں امریکی سرحدیں محفوظ ترین ہیں، 9 ماہ میں ایک بھی غیر قانونی شخص امریکا میں داخل نہیں ہو سکا، ہم قانونی طور پر ہمیشہ لوگوں کو امریکا آنے کی اجازت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افراطِ زر میں غیر معمولی کمی لائی گئی، 12 ماہ میں 18 کھرب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے وعدے ممکن بنائے ہیں، پہلے ہم مردہ ملک تھے اور اب سب سے زیادہ پسندیدہ ملک ہیں، وینزویلا سے 18 ملین بیرل تیل حاصل کیا جا رہا ہے، میں نے تیل کی تلاش کرو اور اسے نکالو کا وعدہ پورا کر دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم نے امریکا میں ڈی ای آئی ختم کر دیا ہے، اسٹیٹ آف یونین مضبوط ہے، امریکا اتنا کامیاب ہو رہا ہے کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم مزید کامیابیاں نہیں سمیٹ سکتے، واشنگٹن ڈی سی کی طرح لاس اینجلس کو بھی محفوظ شہر بنائیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ پچھلے سال میں نے کانگریس سے کہا کہ ٹیکس کٹوتی کریں اور ری پبلکنز نے یہ ممکن بنایا، ٹیکس کٹوتی پر ہر ڈیموکریٹ نے مخالفت میں ووٹ دیا، وہ ٹیکس میں اضافہ چاہتے تھے، ہم نے ٹپ پر ٹیکس ہٹایا اور اوور ٹائم پر ٹیکس ختم کیا، جو ممالک ہمیں لوٹ رہے تھے وہ اب ادائیگیاں کر رہے ہیں، ٹیرف کے باوجود تمام ممالک امریکا سے ڈیلز برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے کئی جنگیں ٹیرف کی مدد سے ختم کیں، ٹیرف آج کے دور کے انکم ٹیکس کی جگہ لے لے گا، بائیڈن دور میں ہم تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے تھے۔

امریکی صدر نے ٹیرف کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم نامے پر تنقید کی اور کہا کہ ملک میں انڈوں کی قیمتیں 60 فیصد کم ہوئی ہیں، بڑی انشورنس کمپنیوں کی بجائے رقم لوگوں کو دینا چاہتا ہوں تاکہ وہ اپنی ہیلتھ کیئر خود لیں، ادویات کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی لا رہا ہوں جس میں دیگر صدور ناکام رہے تھے۔

ٹرمپ کی الہان عمر اور رشیدہ طلیب پر تنقید
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کے دوران الہان عمر اور رشیدہ طلیب پر تنقید بھری جملے بازی کی۔

امریکی صدر نے کہا کہ شرم آنی چاہیے جو رکنِ کانگریس غیر قانونی امیگرینٹس کو نکالنے کی راہ میں حائل ہیں، سیو امریکا ایکٹ کی حمایت کی جائے، ہم غیر قانونی امیگرینٹس کو نکال رہے ہیں، نہیں چاہتے کہ وہ امریکا میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس نے ہوم لینڈ سیکیورٹی کا تمام بجٹ کاٹ دیا، ہوم لینڈ سیکیورٹی کی تمام فنڈنگ بحال کی جائے، اراکینِ کانگریس کا پہلا فرض ہے کہ غیر قانونی امیگرینٹس کو سپورٹ نہ کریں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تمام ووٹرز کو شہریت کا ثبوت دینا چاہیے، سوائے بیماری اور ملٹری ڈیوٹی کے استثنیٰ کے میل ان بیلٹس نہیں ہونا چاہیے، ڈیمو کریٹس ووٹر آئی ڈی اس لیے نہیں چاہتے کیوں کہ وہ الیکشن میں چیٹنگ چاہتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے دوران اکثر ڈیموکریٹ اراکین کے چہرے بجھے ہوئے تھے۔

اپنے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے خود پر تنقید کرنے والے ڈیموکریٹس کو پاگل کہہ دیا اور کہا کہ ہر قسم کے سیاسی تشدد کو مسترد کرنا چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم مذہب سے محبت کرتے ہیں اور یہ معاشرے میں تیزی سے واپس آ رہا ہے، کانگریس قانون منظور کرے کہ بارہا پُرتشدد واقعات میں ملوث مجرم جیل سے باہر نہ نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دہشت گرد نے وائٹ ہاؤس کے باہر خاتون اہلکار کو گولی ماری، افغانستان کے دہشت گرد کو امریکا میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔

میں نے 8 جنگیں ختم کیں: ڈونلڈ ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے 8 جنگیں ختم کیں، کمبوڈیا تھائی لینڈ جنگ رکوائی، پاکستان اور بھارت کے درمیان نیوکلیئر جنگ رکوائی، وزیر اعظم پاکستان نے میرے لیے کہا کہ میں نے 35 ملین لوگوں کی جان بچائی، اسرائیل اور ایران کی جنگ رکوائی، کانگو اور روانڈا کی جنگ بھی رکوائی، غزہ کی جنگ بھی میں نے ہی رکوائی ہے۔

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ٹیک کمپنیاں اپنے پاور پلانٹ بنائیں تاکہ بجلی کی قیمتیں عوام کے لیے کم ہوں، کانگریس سے کہتا ہوں کہ سنگل فیملی کے گھروں کو تحفظ دیں، میں سوشل سیکیورٹی اور میڈی کیئر کو تحفظ دوں گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ نینسی پلوسی میری بات پر کھڑی ہو جائیں، مجھے یقین نہیں آ رہا، کانگریس سے کہتا ہوں کہ کمرشل ڈرائیونگ لائسنس غیر قانونی شہریوں کو نہ دیں۔

تقریر کے دوران امریکی رکنِ کانگریس آل گرین نے صدر ٹرمپ کے سامنے بینر لہرانے کی کوشش کی جس پر انہیں کانگریس کی عمارت سے باہر نکال دیا گیا۔

صدر ٹرمپ کے خطاب کے موقع پر کابینہ اور اراکینِ کانگریس عمارت میں موجود تھے، ڈونلڈ ٹرمپ کے اہلِ خانہ بھی کانگریس کی عمارت میں موجود تھے۔

Check Also

گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بہترین ثابت ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *