وزیراعظم کی صوبوں کو پیٹرولیم ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت پٹرولیم نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جو بھی پٹرول پمپ مصنوعی قلت کے اس مکروہ دھندے میں ملوث ہو اُس کو فوراً بند کیا جائے اور اسکا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت دی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور ان کی عوام کو بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل و منصوبہ بندی تیار کریں۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت سے متعلق ڈیش بورڈ بنایا جائے، جسکے ذریعے صوبوں کیساتھ ریل ٹائم ڈیٹا شیئر ہو اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کی نگرانی کی جائے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے۔

Check Also

کوئی پیٹرول پمپ ذخیرہ اندوزی نہیں کررہا آئل سپلائر کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی جائے، پمپ مالکان

اسلام آباد:پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *