لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا، ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید

بنوں: لکی مروت کے قبائلی سب ڈویژن بیٹنی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دھماکا خیز مواد پولیس موبائل کے قریب نصب تھا، دھماکے کے بعد علاقے میں پولیس کی اضافی نفری روانہ کر دی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ شہداء میں ایس ایچ او شادی خیل صدر اعظم اور اے ٹی ایس کے اہلکار بھی شامل ہیں، سپاہی شاہ بہرام، شاہ خالد، حاجی محمد، گل زادہ اور سخی زادہ شہید ہوئے، کانسٹیبل انصاف الدین زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پولیس حکام نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور شہید ایس ایچ او و دیگر جوانوں کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے ایس ایچ او سمیت 6پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا، کے پی کے پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Check Also

فیلڈ مارشل کی جنگی لباس میں سعودی ولی عہد سے ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل قرار

اسلام آباد:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنگی لباس میں سعودی ولی عہد سے اہم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *