کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی میں جدید سہولیات سے آراستہ نئی لائبریری کا افتتاح کردیا گیا۔
جامعہ کے وائس چانسلر اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی (سی آئی ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر سروش لودھی نے مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں جامعہ کے ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
نئی لائبریری کو جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے جہاں میڈیکل اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے مختلف شعبوں سے متعلق چھ ہزار سے زائد مستند کتب دستیاب ہیں۔ لائبریری میں پُرسکون مطالعے کے لیے مناسب نشستوں، ریفرنس سیکشن اور طلبہ کی ضروریات کے مطابق تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا ہے تاکہ تحقیق اور مطالعے کے لیے ایک مؤثر اور سازگار ماحول میسر آسکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ کسی بھی جامعہ کی اصل طاقت اس کے علمی وسائل اور تحقیق کے مواقع ہوتے ہیں اور ایک فعال لائبریری اس نظام کا بنیادی ستون ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کی کوشش ہے کہ طلبہ کو ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ صرف نصابی تعلیم تک محدود نہ رہیں بلکہ مطالعے، تحقیق اور علمی جستجو کے ذریعے اپنے علم کو مزید وسعت دے سکیں۔
اس موقع پر سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی (سی آئی ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر سروش لودھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ ہمارا کام صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ ہم دراصل آنے والی نسل کی تربیت اور پرورش کے ذمہ دار ہیں۔ ہماری خواہش ہونی چاہیے کہ جو طلبہ کل کو ہماری جگہ لیں وہ ہم سے زیادہ بہتر ہوں۔ قومیں اسی وقت ترقی کرتی ہیں جب ہر نئی نسل اپنے پیش روؤں سے آگے بڑھ کر ملک اور معاشرے کی خدمت کرے۔ اس طرح کے اقدامات بظاہر چھوٹے دکھائی دیتے ہیں مگر درحقیقت یہ ایک بڑے عزم کی طرف بڑھتے ہوئے اہم قدم ہوتے ہیں۔
انہوں نے جامعات کی ترقی میں حکومت سندھ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے غیر معمولی مالی معاونت فراہم کی ہے۔ جامعات کی بہتری میں حکومت سندھ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صوبہ سندھ نے یونیورسٹیوں کے لیے تقریباً 42 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں جو ایک غیر معمولی مثال ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ لائبریری محض ایک مطالعہ گاہ نہیں بلکہ ایک ایسا علمی مرکز ہے جو طلبہ کو تحقیق، مطالعہ اور پیشہ ورانہ ترقی کی طرف راغب کرے گا۔ یہ اقدام جامعہ کے اس وسیع وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کے لیے مضبوط علمی بنیاد قائم کرنا ہے۔
THE PUBLIC POST