این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 17 مارچ سے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں پر اثر انداز
ہو گا،بالائی اور وسطی پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور گردونواح میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
دوسری جانب بالائی پنجاب میں بعض مقامات پر گرج چمک کے بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جنوبی پنجاب میں ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈی جی خان کے مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے۔
اِسی طرح خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 17 سے 25 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
این ای او سی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 17 سے 23 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے آندھی، تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے اور سندھ میں مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا تاہم سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، کراچی اور حیدرآباد میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتِ حال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی،شہریوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں عوام تازہ ترین موسمی صورتِ حال کیلئے این ڈی ایم اے کی آفیشل سوشل میڈیا اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رجوع کریں۔
THE PUBLIC POST