ایران سے متعلق بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے تناظر میں اقوامِ متحدہ نے خلیجی ممالک کی خودمختاری کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ کا یہ بیان موجودہ حالات میں ایک اہم سفارتی پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ خلیجی ممالک اپنی سرزمین، وسائل اور پالیسی سازی پر مکمل اختیار رکھتے ہیں، جبکہ کسی بھی بیرونی مداخلت یا دباؤ کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ علاقائی تنازعات کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے سفارتکاری اور مکالمے کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔
ان خلیجی ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، عمان اور بحرین شامل ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، بالخصوص ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے تناظر میں توانائی کی عالمی رسد کا ان ممالک پر انحصار نمایاں ہے، جبکہ آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستوں کی سیکیورٹی بھی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
اقوامِ متحدہ کا یہ مؤقف ظاہر کرتا ہے کہ عالمی برادری خلیجی ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کو کلیدی اہمیت دیتی ہے اور خطے میں کسی بڑے تصادم سے بچاؤ کے لیے سفارتی حل کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
THE PUBLIC POST