موچکو تھانے کی پولیس نے اربوں روپے مالیت کی ایرانی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین خواتین سمیت مجموعی طور پر نو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس ضلع کیماڑی کے مطابق موچکو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے کراچی آنے والی دو گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران 236 بنڈل ایرانی کرنسی برآمد ہوئی، جس کی مجموعی مالیت 29 ارب 69 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کرنسی انتہائی مہارت کے ساتھ گاڑیوں اور اسپیئر ٹائرز میں چھپائی گئی تھی، جسے دورانِ تلاشی برآمد کیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران دونوں گاڑیوں میں سوار تین خواتین سمیت نو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ تمام ملزمان کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
ضلع کیماڑی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد، برآمد شدہ ایرانی کرنسی اور دونوں گاڑیاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ضلع کیماڑی نے تھانہ موچکو کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایرانی کرنسی اسمگلنگ میں ملوث نو ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کرنسی اسمگلنگ کے خلاف صوبے بھر میں مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے اور اس میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہ دی جائے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سرحدی و داخلی راستوں کی نگرانی مزید سخت کریں اور مشتبہ نیٹ ورکس کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنائیں۔
THE PUBLIC POST