کراچی:شہر قائد میں ٹرک ٹریلر تصادم اور دیگر حادثات کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپرہائی وے پر لکی سمنٹ فیکٹری کے قریب مزدا ٹرک اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں مزدا ٹرک میں سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے گڈاپ سٹی تھانے لائی گئی جہاں سے قانونی کارروائی کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان ایدھی کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مزدا ٹرک کے کلینر 37 سالہ اکبر علی ولد اعجاز آصف کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب سائٹ سپرہائی وے نیو سبزی منڈی معمار موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک 45 سالہ راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔
اُدھر کورنگی کے علاقے عوامی کالونی ساڑھے 5 نمبر میں تاج شادی ہال کے قریب ایک خاتون موٹرسائیکل سے گر کر جاں بحق ہوگئی، جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت 45 سالہ فوزیہ زوجہ یونس کے نام سے کی گئی ہے جو کورنگی کی رہائشی تھیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چلتی موٹرسائیکل کی چین میں خاتون کا برقعہ لپٹ گیا، جس کے باعث وہ سڑک پر گر گئیں۔
ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
THE PUBLIC POST