بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان نے شادی اور رشتوں کے حوالے سے اپنی سوچ کھل کر بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صرف شادی کے لیے شادی کرنے پر یقین نہیں رکھتی، صحیح انسان کا انتظار کرنا بہتر سمجھتی ہوں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سارہ علی خان نے کہا کہ انسان اپنے تجربات اور اردگرد دیکھے گئے حالات سے سیکھتا ہے، میں نے دیکھا ہے کہ شادیاں ناکام بھی ہو سکتی ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ صحیح شخص کا انتظار کیا جائے۔
سارہ علی خان نے کہا ہے کہ ان تجربات نے مجھے سکھایا کہ صرف ایک پارٹنر ہونے کے لیے رشتے میں آنا ضروری نہیں، اگر شادی نہ بھی ہو تو میں اس کے ساتھ ٹھیک ہوں، جب صحیح وقت آئے گا تب ہی شادی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خود کو مکمل کرنے کے لیے کسی اور کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، میں کسی ایسے شخص کی تلاش میں نہیں ہوں جو مجھے مکمل کرے۔
اداکارہ کے مطابق خود سے مطمئن اور خوش رہنا سب سے اہم چیز ہے۔
واضح رہے کہ سارہ کے والد سیف علی خان اور والدہ امریتا سنگھ نے 1991ء میں شادی کی تھی، اس وقت سیف علی خان کی عمر 21 برس جبکہ امریتا سنگھ 33 سال کی تھیں، دونوں کے درمیان 12 سال کا فرق تھا اور ان کے 2 بچے سارہ اور ابراہیم علی خان ہیں۔
دونوں کی شادی 2004ء میں طلاق پر ختم ہو گئی، بعد ازاں سیف علی خان نے کرینہ کپور سے دوسری شادی کر لی تھی جبکہ امریتا سنگھ نے دوبارہ شادی نہیں کی۔
THE PUBLIC POST