کوکین کوئن انمول عرف پنکی کی طبیعت ناساز،اسپتال منتقلی مؤخر

کراچی میں کوکین فروش گینگ کی مبینہ سرغنہ انمول عرف پنکی کی جیل میں طبیعت ناساز ہونے پر جیل حکام نے اس کا طبی معائنہ کروالیا، جبکہ ضرورت پڑنے پر اسپتال منتقلی کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے۔

جیل حکام کے مطابق ملزمہ کی حالت مزید خراب ہونے کی صورت میں اسے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (SIUT) منتقل کیا جاسکتا ہے، جس کے لیے آئی جی جیل خانہ جات فدا حسین مستوئی نے کراچی پولیس چیف سے اضافی سیکیورٹی نفری طلب کرلی ہے۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے ارسال کیے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انمول عرف پنکی ایک ہائی پروفائل قیدی ہے، جس کے خلاف 23 مقدمات درج ہیں، لہٰذا سینٹرل جیل سے اسپتال منتقلی کے دوران غیر معمولی حفاظتی انتظامات ضروری ہوں گے۔

جیل انتظامیہ کے مطابق ملزمہ نے گردوں میں تکلیف کی شکایت کی تھی، جس کے باعث منگل کی صبح 8 بجے ایس آئی یو ٹی میں ڈاکٹروں سے معائنے کا وقت مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اسپتال منتقلی کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا۔

آئی جی جیل خانہ جات فدا حسین مستوئی کے مطابق جیل کے ڈاکٹروں نے انمول پنکی کا طبی معائنہ کیا اور اس کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا، اسی لیے فی الحال اسے کسی اسپتال منتقل نہیں کیا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ملزمہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

جیل حکام کے مطابق ابتدائی میڈیکل معائنے میں انمول عرف پنکی کو گردوں کی تکلیف کے علاوہ آنکھوں، معدے اور دمے کے عارضے لاحق ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جبکہ وہ باقاعدگی سے انہیلر استعمال کرتی ہے۔

Check Also

پرنس رحیم آغا خان دورۂ پاکستان مکمل کرکے روانہ رخصتی کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار

پرنس رحیم آغا خان اپنا دورۂ پاکستان مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ نورخان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *