کورنگی نمبر 5 میں جان لیوا موٹرسائیکل حادثے کی حقیقت سامنے آگئی، ریسنگ اور اسٹنٹ بازی نے نوجوانوں کو نگل لیا

عید پر خالی سڑکوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوانوں نے موٹرسائیکل کو فل اسپیڈ پر دوڑایا، حادثہ سلپ ہونے سے نہیں بلکہ لاپرواہی کے باعث پیش آیا

عید کے دوسرے روز کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں پیش آنے والے موٹرسائیکل حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس نے حادثے کی اصل وجہ واضح کر دی ہے۔ فوٹیج کے مطابق یہ کوئی عام ٹریفک حادثہ یا موٹرسائیکل سلپ ہونے کا واقعہ نہیں تھا بلکہ نوجوانوں کی خطرناک ریسنگ اور اسٹنٹ بازی اس حادثے کا سبب بنی۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عید کی تعطیلات کے باعث سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم تھی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متعدد نوجوان موٹرسائیکلوں پر تیز رفتاری سے ریس لگا رہے تھے۔ اس دوران کچھ نوجوان نہ صرف موٹرسائیکلیں انتہائی رفتار سے چلا رہے تھے بلکہ خطرناک اسٹنٹس کا مظاہرہ بھی کر رہے تھے۔

فوٹیج میں ایک موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہاتھوں کے ہینڈل چھوڑ کر موٹرسائیکل دوڑاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اس کے پیچھے بیٹھا نوجوان بھی ہوا میں ہاتھ لہرا رہا تھا۔ اسی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے دوران موٹرسائیکل بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے نوجوانوں کی جانب سے سڑکوں پر ریسنگ اور اسٹنٹ بازی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

Check Also

طارق روڈ کے قریب ٹریول ایجنسی میں گھسنے والا چور پولیس پہنچنے پر خودکشی کر بیٹھا

کراچی کے علاقے طارق روڈ سے ملحقہ خالد بن ولید روڈ پر واقع ایک ٹریول …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *