جناح اسپتال واش روم میں بچے کی پیدائش کا واقعہ، تحقیقات کیلئے 5 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل

کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر پیر کو حتمی رپورٹ انتظامیہ کو پیش کرے گی

کراچی میں جناح اسپتال کے واش روم میں بچے کی مبینہ پیدائش کے واقعے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی مکمل چھان بین اور حقائق سامنے لانے کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی میں دو پروفیسرز، ایک ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایک جوائنٹ ڈائریکٹر اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی سربراہی پروفیسر حلیمہ یاسمین کریں گی، جنہیں چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں پروفیسر عبدالرب بھٹو اور ڈاکٹر صدام صالح شامل ہیں، جو واقعے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام متعلقہ شواہد، طبی ریکارڈ اور ذمہ داریوں کا تعین کرکے اپنی رپورٹ مرتب کرے۔

جناح اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وقاص کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لے گی اور آئندہ ہفتے پیر کے روز اپنی حتمی رپورٹ اسپتال انتظامیہ کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ واقعہ اس وقت زیر بحث آیا جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث خاتون نے اسپتال کے واش روم میں بچے کو جنم دیا۔

Check Also

مفتاح اسماعیل کراچی کی فکر چھوڑیں، پہلے اپنی ناکام معاشی پالیسیوں کا حساب دیں، سعدیہ جاوید

کراچی: ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *