سائبر سیکیورٹی کے محققین نے انکشاف کیا ہے کہ دو غیر محفوظ ڈیٹا بیسز میں سے دنیا بھر کے درجنوں ممالک کے صارفین کے 3.5 ارب سے زائد صارف نام یعنی یوزرنیمز، پاس ورڈز اور ذاتی دستاویزات آن لائن لیک ہوگئے ہیں۔
آن لائن میگزین ’وائرڈ‘ کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں ڈیٹا بیسز کو سیکیورٹی محققین گریگ پولاک اور جیرمیا فاؤلر نے الگ الگ دریافت کیا اور دونوں میں بڑی مقدار میں حساس معلومات موجود تھیں جن کا سائبر کرملنز غلط استعمال کر سکتے ہیں۔
وائرڈ کی رپورٹ کے مطابق پولاک کی جانب سے دریافت کیے گئے ایک ڈیٹا بیس میں 1.5 ارب سے زائد ریکارڈز شامل تھے، جن کا بڑا حصہ چینی افراد اور کاروباری اداروں سے منسلک بتایا گیا ہے۔
اس ڈیٹا بیس میں کم از کم 84 کروڑ یعنی 840 ملین منفرد قومی شناختی نمبر، 30 کروڑ یعنی 300 ملین فون نمبر، تقریباً 1.1 کروڑ یعنی 11 ملین طلبہ کا ریکارڈ اور قریباً 80 لاکھ یعنی 8 ملین کاروباری رجسٹریشنز کی تفصیلات موجود تھیں۔
فاؤلر کی جانب سے دریافت کیے گئے دوسرے ڈیٹا بیس میں تقریباً دو ارب لاگ اِن کریڈینشلز شامل تھیں، جن میں ای میل ایڈریس، یوزر نیم، پاس ورڈز، براؤزر کوکیز، سیشن ٹوکنز یعنی صارف کے سیشن کی عارضی شناخت اور ڈیوائسز سے متعلق معلومات شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ معلومات بڑے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا ویب سائٹس اور آن لائن خریداری کی خدمات سے جڑے اکاؤنٹس سے متعلق تھیں، جبکہ محققین کو سرکاری، تعلیمی اور دیگر اداروں سے منسلک لاکھوں ای میل ایڈریس بھی ملے۔
محققین کے مطابق ایک خاص طور پر تشویشناک پہلو تقریباً 4 لاکھ دستاویزات کا سامنے آنا تھا، جن میں بظاہر معلومات چرانے والے مالویئر یعنی نقصان دہ سافٹ ویئر کے ذریعے اکٹھی کی گئی تفصیلات موجود تھیں۔
ان فائلوں میں مبینہ طور پر لاگ ان تفصیلات، براؤزر کا ڈیٹا، آپریٹنگ سسٹم کی معلومات اور دیگر ذاتی فائلیں شامل تھیں، جو مجرموں کو متاثرین کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس تک رسائی دلانے میں مدد دے سکتی ہیں۔
سیکیورٹی محققین دونوں ڈیٹا بیسز کے مالکان کی شناخت نہیں کر سکے، تاہم تقریباً دو ارب لاگ ان تفصیلات والے ڈیٹا بیس کو فاؤلر کی جانب سے متعلقہ ہوسٹنگ کمپنی سے رابطے کے بعد آف لائن کر دیا گیا، جبکہ تفتیش کے دوران دوسرا ڈیٹا بیس بھی ناقابل رسائی ہو گیا۔
فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ معلومات کب تک عوامی سطح پر دستیاب رہیں یا کسی مجرم نے ان تک رسائی حاصل کر کے ان کا غلط استعمال کیا یا نہیں۔
یہ واقعہ غیر محفوظ ڈیٹا بیسز اور ذاتی معلومات کے منظر عام پر آنے کے خطرات کو نمایاں کرتا ہے، کیونکہ سائبر مجرم اس ڈیٹا کو شناخت کی چوری، دھوکہ دہی پر مبنی پیغامات یعنی فشنگ اسکیمز اور دیگر آن لائن فراڈ کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
آن لائن تحفظ کے لیے ماہرین صارفین کو ہر اکاؤنٹ کے لیے مضبوط اور منفرد پاس ورڈز استعمال کرنے، ملٹی فیکٹر تصدیق یعنی اضافی حفاظتی کوڈ فعال رکھنے اور لاگ ان تفصیلات کو قابل اعتماد پاس ورڈ منیجر میں محفوظ رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
THE PUBLIC POST