کراچی کے قریب 2 غیر ملکی بحری جہازوں میں تصادم،وفاقی وزیر بحری امور نے رپورٹ طلب کر لی

جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ کے قریب پیش آنے والے بحری حادثے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ کراچی بندرگاہ کی حدود کے باہر رونما ہوا، جس کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور نے بندرگاہ پر تعینات عملے کے بروقت ردِعمل اور مؤثر انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حادثے کے باوجود صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول میں لیا گیا۔ انہوں نے عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

جنید انوار چوہدری کے مطابق 28 مئی کی شب کراچی پورٹ کے قریب دو غیر ملکی بحری جہازوں کے درمیان تصادم ہوا، تاہم خوش آئند امر یہ ہے کہ حادثے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ دونوں جہازوں کے ماسٹرز کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ تصادم سے متاثر ہونے والے کیبل بچھانے والے جہاز کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ٹگس کی مدد سے بحفاظت بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ ادارے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے بحری سلامتی اور جہاز رانی کے محفوظ نظام کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

Check Also

کراچی: قربانی کا گوشت مانگنے کے بہانے گھر میں ڈکیتی، لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور ہزاروں ڈالر لوٹ لیے گئے

کراچی کے علاقے دستگیر میں عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کا گوشت مانگنے کے بہانے گھر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *