ڈیفنس فیز 5 میں گولی لگنے سے زخمی خاتون دورانِ علاج جاں بحق

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5، خیابان شمشیر میں واقع ایک بنگلے میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والی خاتون دورانِ علاج دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت 25 سالہ سکینہ دختر قرار حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گئی۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر خود کو گولی ماری۔ تاہم واقعے کی مکمل نوعیت اور اس کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر لیے ہیں جبکہ اہلِ خانہ اور قریبی افراد کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پائی گئی، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی حتمی وجوہات سے متعلق مؤقف اختیار کیا جائے گا۔

Check Also

نیویارک سے کراچی آنے والا امریکی شہری حیدرآباد سے بازیاب،لاپتہ ہونے کا معمہ حل

نیویارک سے کراچی آنے والے امریکی شہری زید منیر کے لاپتہ ہونے کے معاملے میں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *