چاچا کرکٹ کی میدان میںپاکستانی کھلاڑیوں کو لسی پلانے کی یادگار ویڈیو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے بڑے مداح چاچا کرکٹ کی میدان میں پاکستانی کھلاڑیوں کو لسی پلانے کی یادگار ویڈیو وائرل ہوگئی۔

چاچا کرکٹ کی دل کو چھو لینے والی اس یادگار ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وسیم اکرم کو وکٹ حاصل ہوئی تو چاچا کرکٹ خوشی سے لسی سے بھری بوتل لیے دوڑتے ہوئے گراؤنڈ میں آگئے۔

انہیں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم میں پاکستان کا روایتی اور قومی مشروب لسی پیش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں سابق کپتان وسیم اکرم سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کو دوستانہ ماحول میں ان سے لسی لیتے اور مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو’کرکٹ اور وطن سے محبت کا خوبصورت امتزاج‘ قرار دیتے ہوئے چاچا کرکٹ کے جذبے کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہےواضح رہے چاچا کرکٹ کے نام سے مشہور 77 سالہ عبدالجلیل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان حالیہ ون ڈے سیریز کے بعد ریٹائر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے 4 جون کو آخری مرتبہ پاکستان ٹیم کا میچ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا۔

چاچا کرکٹ نے پہلی بار 1968-69 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ اسٹیڈیم میں دیکھا تھا۔

بعد ازاں وہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے مستقل حمایتی کے طور پر مشہور ہوئے۔

سبز لباس اور ٹوپی ان کی پہچان بن گئی جبکہ 1999 ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بھرپور حمایت کے بعد انہیں عالمی شہرت ملی۔

عبدالجلیل نے بتایا کہ وہ اب سیالکوٹ کے قریب ایک ریسٹورنٹ اور میوزیم قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ کرکٹ سے جڑی اپنی یادگار اشیاء رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے 500 میچز میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔

چاچا کرکٹ نے پاکستان کی کئی تاریخی فتوحات اپنی آنکھوں سے دیکھیں، جن میں جاوید میانداد کا 1986 میں آخری گیند پر چھکا اور 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل شامل ہیں۔

تاہم حالیہ برسوں میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر وہ مایوس بھی دکھائی دیے، مگر اب بھی امید رکھتے ہیں کہ پاکستان ٹیم دوبارہ کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہوگی۔

Check Also

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی

کراچی:سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتیں اچانک گر گئیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *