ثانیہ سعید نے شادی اور معاشرتی دہرے معیار پر سوال اٹھا دیے

پاکستان کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے شادی، سمجھوتے اور جذباتی استحصال سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معاشرے میں رائج روایتی تصورات پر سوال اٹھا دیے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ سعید نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اکثر یہ تصور پایا جاتا ہے کہ کامیاب شادی وہی ہے جس میں انسان ہر حال میں سمجھوتہ کرتا رہے اور اپنی خوشی قربان کر دے، لیکن اس سوچ پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔

اداکارہ کے مطابق کوئی بھی مرد یا عورت شادی اس نیت سے نہیں کرتا کہ گھر برباد ہو یا رشتہ ناکام ہو جائے، تاہم بعض اوقات تعلقات کا ڈھانچہ ایسا ہوتا ہے کہ مردوں کو خواتین کے مقابلے میں زیادہ آزادی حاصل ہوتی ہے۔

ثانیہ سعید نے کہا کہ مرد عموماً اپنے غصے یا جذبات کے اظہار کے لیے مختلف راستے اختیار کر سکتے ہیں، جبکہ بعض اوقات جھگڑوں کے دوران جذباتی دباؤ، مسلسل طعنے یا گیس لائٹنگ جیسے رویے بھی اختیار کیے جاتے ہیں، بعض مرد گھر سے نکل کر خود کو وقتی طور پر پُرسکون کر لیتے ہیں، لیکن خواتین کے پاس اکثر ایسے مواقع نہیں ہوتے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ بہت سی خواتین مالی انحصار، بچوں کی ذمے داریوں، جذباتی دباؤ اور معاشرتی توقعات کے باعث خاموش رہنے پر مجبور ہو جاتی ہیں، جس سے ان کے لیے مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔

ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بہت سے جوڑے شادی سے پہلے ایک دوسرے کو گہرائی سے سمجھنے کا مناسب موقع نہیں پاتے، جس کے باعث بعد میں تعلقات میں آنے والے مسائل سے نمٹنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پیشہ ورانہ محاذ پر ثانیہ سعید پاکستان کی ان اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے ٹیلی ویژن، تھیٹر اور فلم میں اپنی منفرد اداکاری سے شناخت بنائی۔

Check Also

کراچی کے ساحل ہاکس بے اور کورنگی ندی میں پکنک منانے آئے 8 افراد ڈوب گئے

کراچی : ہاکس بے اور کورنگی ندی میں پکنک مناتے ہوئے آٹھ افراد ڈوب گئے، …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *