کراچی: پاکستان کی معروف اور سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ صرف ٹرانسپورٹ منصوبوں سے شہر کے مسائل حل نہیں ہوں گے، شہریوں کو روزگار فراہم کرنا زیادہ ضروری ہے۔
کراچی میں ایک پریس ٹاک کے دوران ثانیہ سعید نے شہر کو درپیش مختلف مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر میرے پاس نوکری ہی نہیں تو میں گرین بس میں بیٹھ کر کہاں جاؤں؟ کیا کبھی کسی نے سوچا ہے کہ اتنی بڑی آبادی اس شہر میں کیسے زندگی گزارے گی، جو اتنی زیادہ آبادی کے لیے بنایا ہی نہیں گیا تھا؟
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اصل چیلنج لوگوں کو معیشت کا حصہ بنانا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، جب تک شہریوں کو روزگار نہیں ملے گا، صرف بس سروسز شروع کرنے سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔
ثانیہ سعید نے مزید کہا گرین لائن، اورنج لائن یا ریڈ لائن بسیں شہر کو عظیم نہیں بناتیں، شہروں کی ترقی اس وقت ہوتی ہے جب لوگوں کے پاس کام ہو، وہ معیشت میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنی آمدن حاصل کر سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کراچی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر حکومت کو روزگار، معیشت اور شہری منصوبہ بندی کے حوالے سے جامع حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
THE PUBLIC POST