دبئی: شدید گرمی کے باعث گاڑیوں میں آگ لگنے کے واقعات، حکام نے ہدایات جاری کردیں

پوری دنیا سمیت عرب خطہ بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ اس انتہائی موسم میں گاڑیوں میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر دبئی پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ بلند درجہ حرارت کے دوران معمولی غفلت بھی گاڑی میں آگ لگنے کا سبب بن سکتی ہے۔

دبئی پولیس کے مطابق موسمِ گرما میں گاڑیوں میں آگ لگنے کی عام وجوہات میں ناقص برقی وائرنگ، ایندھن یا تیل کا رساؤ، بروقت دیکھ بھال نہ کرانا، خراب بیٹری، انجن کا حد سے زیادہ گرم ہونا اور گاڑی کے اندر آتش گیر اشیا چھوڑ دینا شامل ہیں۔ خاص طور پر لائٹر، پاور بینک، ایروسول اسپرے، گیس سلنڈر اور دیگر دباؤ والے کنٹینرز بند گاڑی میں شدید گرمی کے باعث خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

پولیس نے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا ہے کہ گاڑی کی باقاعدہ سروس اور برقی نظام کا معائنہ کرائیں۔ انجن آئل، کولنٹ اور بیٹری کی حالت چیک کرتے رہیں اور گاڑی کے اندر آتش گیر یا دباؤ والی اشیا ہرگز نہ چھوڑیں۔

اسی طرح معیاری فائر ایکسٹنگوشر گاڑی میں رکھیں اور اس کی مدتِ استعمال چیک کریں۔اگر دھواں یا جلنے کی بو محسوس ہو تو فوراً گاڑی محفوظ مقام پر روک کر انجن بند کریں اور متعلقہ ہنگامی اداروں سے رابطہ کریں۔

دبئی پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ گرمی کے مہینوں میں معمولی احتیاط نہ صرف قیمتی املاک کو نقصان سے بچا سکتی ہے بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسی لیے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی گاڑی کی فنی حالت ضرور جانچیں اور کسی بھی خرابی کو نظر انداز نہ کریں۔

Check Also

امریکا اور ایران ایک دوسرے پر حملے بند کرنے پر متفق،کل دوحا میں اہم مذاکرات کا امکان

واشنگٹن: امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *