اسلام آباد : مٹی کا تیل 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ، جس کے بعد نئی قیمت 231 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے بعد غریب اور پسماندہ علاقوں کے صارفین پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔
جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، اس اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 231 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اوگرا حکام کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کیے جانے والے اس اضافے کا ملک بھر میں فوری طور پر اطلاق کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں صرف 1 روپے 97 پیسے کی معمولی کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
حکومت نے ایک طرف پیٹرول معمولی سستا کیا لیکن دوسری طرف پیٹرول لیوی میں 6 روپے 22 پیسے کا اضافہ کر دیا، جس کے بعد پیٹرول لیوی 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
ڈیزل پر بھی لیوی ستتر روپے چار پیسے سے کم کر کے 70 روپے 82 پیسے، مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے اور لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
THE PUBLIC POST