امریکا کے ایران پر نئے حملوں کے بعد ڈالر مضبوط، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ

نیویارک/ٹوکیو: امریکا کی جانب سے ایران پر نئے فضائی حملوں کے بعد عالمی مالیاتی اور توانائی کی منڈیوں میں فوری ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ جغرافیائی کشیدگی میں اضافے کے باعث امریکی ڈالر مضبوط ہو گیا جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایشیائی مارکیٹوں میں کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر ہفتے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ڈالر انڈیکس، جو دنیا کی چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے، بڑھ کر 101.18 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جو 2 جولائی کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے۔

کرنسی مارکیٹ میں نیوزی لینڈ کا ڈالر (کیوی ڈالر) 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 0.5681 امریکی ڈالر پر ٹریڈ کرتا رہا۔ سرمایہ کار نیوزی لینڈ کے مرکزی بینک کے شرح سود سے متعلق فیصلے کا بھی انتظار کر رہے ہیں، جہاں تین برس سے زائد عرصے بعد شرح سود میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی ڈالر جاپانی ین کے مقابلے میں بھی 0.1 فیصد مضبوط ہو کر 162.28 ین تک پہنچ گیا، جبکہ یورو 0.1 فیصد کمی کے بعد 1.1405 ڈالر پر آ گیا۔ برطانوی پاؤنڈ بھی معمولی کمی کے ساتھ 1.3353 ڈالر پر ٹریڈ کرتا رہا، جبکہ آسٹریلوی ڈالر تقریباً مستحکم رہا۔

ڈیجیٹل کرنسیوں کی مارکیٹ میں بھی دباؤ دیکھا گیا۔ بٹ کوائن کی قیمت تقریباً 0.2 فیصد کمی کے بعد 63,518 ڈالر جبکہ ایتھر کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 1,774 ڈالر تک آ گئی۔

دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت مارکیٹ کھلتے ہی 2.63 فیصد اضافے کے ساتھ 72.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم یہ اب بھی فروری کے آخر میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد بننے والی بلند ترین سطح سے کافی نیچے ہیں، جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت شدید متاثر ہوئی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں تیل اور کرنسی مارکیٹ کی سمت کا انحصار ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور عالمی توانائی کی سپلائی پر ہوگا۔ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی تو تیل اور ڈالر دونوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

Check Also

ایران کے بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں سمیت 85 اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحری اور فضائی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *