سعودی عرب نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسافروں کے لیے سفر کو آسان بنانے کے لیے نیا ڈیجیٹل ’پیکیج ویزا‘ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق اس نئے اقدام کے تحت سیاح ایک ہی پلیٹ فارم کے ذریعے ویزا درخواست، فلائٹ، ہوٹل اور دیگر سفری سہولیات ایک ساتھ بک کر سکیں گے۔ اس طرح مسافروں کو الگ الگ انتظامات کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس اسکیم کے تحت اہل مسافر منظور شدہ ٹریول سروس فراہم کرنے والوں کے ذریعے مکمل ٹریول پیکیج بک کرتے ہوئے ویزا کے لیے بھی درخواست دے سکیں گے، جس میں سیاحتی سرگرمیاں اور ایونٹس بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ یہ اقدام سعودی عرب میں سیاحت کے فروغ اور مسافروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق اس نظام سے سفری عمل مزید مربوط اور سہل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب پاکستانیوں کے لیے اہم ترین بیرونِ ملک مقامات میں سے ایک ہے، جہاں ہر سال لاکھوں افراد حج، عمرہ، روزگار، کاروبار اور سیاحت کے لیے جاتے ہیں۔
عرب نیوز کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں 27 لاکھ پاکستانی سعودی عرب گئے، جبکہ 2025 میں یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 28 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئی۔ یوں یہ نئی سہولت پاکستانی شہریوں کے لیے سعودی عرب کے سفر میں مزید سہولت فراہم کرے گی۔
سعودی حکام نے واضح کیا ہےکہ ’پیکیج ویزا‘ سروس ابتدائی طور پر منتخب بین الاقوامی ٹریول کمپنیوں کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جسے بعد ازاں مزید ممالک تک توسیع دی جائے گی۔
THE PUBLIC POST