معاشقوں و بے وفائی کے باوجود گووندا کو نہیں چھوڑوں گی: سنیتا آہوجا

بھارتی اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے علیحدگی سے متعلق زیرِ گردش قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گووندا کے مبینہ معاشقوں اور بے وفائی کے باوجود میں کسی بھی صورت انہیں نہیں چھوڑوں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نیٹ فلکس کے ریئلٹی شو لاک اپ میں بطور امیدوار شریک تھیں، تاہم انہیں صحت کی وجوہات کی وجہ سے ریئلٹی شو سے باہر ہونا پڑا۔

شو میں مختصر شرکت کے دوران سنیتا نے گووندا کے مبینہ معاشقوں سے متعلق بات کی تھی، حالیہ گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ اعتماد اور محبت کو کئی بار آزمائش کا سامنا رہا لیکن اس باوجود میں کسی بھی صورت گووندا کو نہیں چھوڑوں گی۔

سنیتا آہوجا نے کہا کہ بھروسہ بہت بڑی چیز ہے، مجھے نہیں لگتا کہ فلم انڈسٹری کا کوئی بھی ہیرو دودھ کا دھلا ہو گا، وہ ہم سے زیادہ وقت ہیروئنز کے ساتھ گزارتے ہیں، تو یہ آپ کی محبت پر منحصر ہے کہ آپ اس صورتِ حال کو کس طرح لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ کسی اداکار کی بیوی بننے کے لیے آپ کو اپنا دل پتھر کا رکھنا پڑتا ہے، جب میں 15 سال کی تھی تو مجھے گووندا سے محبت ہوئی تھی، آج میں 56 سال کی ہوں اور اب بھی ان سے اتنی ہی محبت کرتی ہوں، میں نے انہیں کئی بار معاف کیا ہے، ممکن ہے مجھ سے بھی کبھی غلطیاں ہوئی ہوں، اگر محبت دل سے ہو تو انسان معاف کر کے آگے بڑھ جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی طلاق سے متعلق افواہیں گزشتہ فروری سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

حالیہ چند انٹرویوز میں سنیتا آہوجا کی جانب سے اپنی نجی زندگی سے متعلق باتیں سامنے آنے کے بعد ان کے اور گووندا کے درمیان مبینہ اختلافات کی قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

Check Also

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جہاں میدان میں کھلاڑی ریکارڈز پر ریکارڈز بنارہے ہیں وہیں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *