کراچی میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی، ہائی الرٹ جاری

کراچی: مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے بعد شہر میں نکاسی آب کے ہنگامی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

پاکستان میں مون سون کا موسم شروع ہو چکا ہے اور اس وقت پنجاب اور کے پی میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں مون سون کی بارشوں کی پیشگوئی کے بعد میئر کراچی کی ہدایت پر شہر بھر میں نکاسی آب کے ہنگامی انتظامات مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

میئر کے احکامات کے بعد کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد علی صدیقی نے شہر بھر میں ممکنہ بارشوں سے نمٹنے اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ افسران و ملازمین چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق تمام زونل چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور متعلقہ فیلڈ افسران کو اپنے علاقوں میں آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں بارشوں کے دوران اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ ایگزیکٹو انجینئرز سیوریج اور ان کی فیلڈ ٹیمیں بارش کے دوران نکاسی آب کے عمل کو موثر اور بلا تعطل بنانے کے لیے موقع پر موجود رہیں گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کے نشیبی اور حساس علاقوں کی خصوصی نشاندہی کر دی گئی ہے جہاں بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ ان مقامات پر اضافی عملہ، مشینری اور ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

اس کے علاوہ واٹر کارپوریشن کی جیٹنگ اور سکشن مشینوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ایگزیکٹو انجینئر ورکشاپ شفقت حسین کو شہر بھر میں جیٹنگ اور سکشن مشینوں کی بروقت دستیابی، ترسیل اور موثر استعمال کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ترجمان واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران گٹروں اور مین ہولز کے ڈھکن ہرگز نہ کھولیں۔ کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ واٹر کارپوریشن حکام سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Check Also

سجل علی کی ساحلِ سمندر پر بولڈ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی کی ساحلِ سمندر پر لی گئی نئی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *