امریکی کانگریس کے وفد کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، دفاعی، تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی: امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی تعاون و خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کی بنیاد مضبوط اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر استوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار دوست ماحول کی تشکیل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے جامع ساختی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا، ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی روابط، نجی شعبے کے درمیان شراکت داری اور باہمی تجارت کے فروغ کے مواقع پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ارکانِ کانگریس نے پرتپاک مہمان نوازی پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

Check Also

کراچی میں بھتہ خوری کے واقعات میں اضافہ ہوا مگر اسٹریٹ کرائم کم ہوئے ہیں، کراچی پولیس چیف

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتے کے دوران بھتہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *