بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رام چرن نے بالآخر اپنی دائیں کلائی کی سرجری کرا لی ہے، جسے وہ کئی ماہ سے فلم ’پیڈی‘ (Peddi) کی شوٹنگ اور تشہیری مصروفیات کے باعث مؤخر کرتے آ رہے تھے۔
اداکار کی سرجری تامل ناڈو کے شہر کوئمبٹور کے معروف گنگا اسپتال میں کی گئی، جو ہڈیوں اور جوڑوں کے علاج کے حوالے سے خاص شہرت رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رام چرن کی کلائی فلم پیڈی کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئی تھی، تاہم انہوں نے علاج کے لیے کام روکنے کے بجائے فلم کی شوٹنگ اور بعد ازاں اس کی تشہیری مہم مکمل کرنے کو ترجیح دی۔ فلم کی ریلیز کے بعد ہی انہوں نے سرجری کرانے کا فیصلہ کیا تاکہ مکمل صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ اپنے آئندہ منصوبوں پر توجہ دے سکیں۔
سرجری کے موقع پر رام چرن کے اہل خانہ بھی ان کے ساتھ موجود رہے۔ اداکار اپنے والد، سپر اسٹار چرنجیوی، والدہ سوریکھا اور اہلیہ اپاسنا کونڈیلا کے ہمراہ حیدرآباد سے کوئمبٹور پہنچے، جہاں پورا خاندان علاج کے دوران ان کی حوصلہ افزائی کرتا رہا۔
رام چرن کی ٹیم کے مطابق آپریشن کامیاب رہا، ڈاکٹرز ان کی حالت پر مطمئن ہیں اور اب وہ بحالی کے مرحلے سے گزریں گے، جس کے بعد دوبارہ فلمی مصروفیات شروع کریں گے۔ تاہم اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
پیڈی کی شوٹنگ کے دوران رام چرن کی صرف کلائی ہی نہیں بلکہ چہرہ بھی زخمی ہوا تھا۔ مارچ میں فلم کی ریلیز سے قبل ان کی بائیں آنکھ کے قریب معمولی چوٹ آئی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر آنکھ کی سنگین انجری کی افواہیں گردش کرنے لگیں، تاہم ان کی ٹیم نے وضاحت کی تھی کہ یہ معمولی زخم تھا اور ایک مختصر طبی عمل کے بعد شوٹنگ معمول کے مطابق جاری رہی۔
رام چرن نے مئی میں فلم کے ٹریلر لانچ کے دوران اپنی کلائی پر بندھے بریس کے بارے میں بھی مداحوں کو بتایا تھا۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ یہ ’ہدایتکار بوچی بابو سانا کا تحفہ‘ ہے۔ بعد ازاں انہوں نے وضاحت کی کہ فلم کے آخری 25 سے 30 دنوں میں کشتی کے مناظر فلمائے جا رہے تھے، جہاں تربیت یافتہ فنکاروں کے بجائے حقیقی پہلوانوں کے ساتھ ایکشن سین کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک منظر کے دوران شدید دباؤ کے باعث ان کی کلائی کے کارٹلیج میں چوٹ آگئی، لیکن وہ اس تکلیف کو فلم کی خوبصورت یاد قرار دیتے ہیں۔
THE PUBLIC POST