مرکزی ملزم سمیت 2 افراد گرفتار، ایک کروڑ 50 ہزار روپے نقد، ڈیجیٹل شواہد اور لیجر برآمد
غیر قانونی رقوم کی بیرون ملک ترسیل کا ریکارڈ ملنے کا دعویٰ، نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش شروع
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکس سرکل کراچی نے جوڑیا بازار میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ حوالہ ہنڈی نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران مرکزی ملزم حارث اور اس کے ایک ساتھی کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ ایک کروڑ 50 ہزار روپے نقد، ڈیجیٹل شواہد اور ہاتھ سے تحریر کیا گیا لیجر بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکس سرکل کی نگرانی میں غیر قانونی حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں کی گئی۔ برآمد ہونے والے لیجر میں مبینہ طور پر بینکاری نظام استعمال کیے بغیر حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک رقوم کی ترسیل کا ریکارڈ موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، جبکہ مالیاتی ریکارڈ، ڈیجیٹل شواہد اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی، منی لانڈرنگ اور مالیاتی جرائم میں ملوث تمام سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
نوٹ: خبر میں شامل الزامات اور برآمدگی سے متعلق دعوے ایف آئی اے کے جاری کردہ بیان پر مبنی ہیں، جن کا حتمی تعین عدالت میں قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔
THE PUBLIC POST