اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جیل میں قید تنہائی سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں قابل سماعت قرار دے دیں۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نصرت بھٹو کیس اور بیگم شمیم آفریدی کے فیصلوں کے مطابق درخواستیں قابل سماعت قرار دیں۔
ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ بانی کو روزانہ کی بنیاد پر اخبارات اور کتابیں فراہم کریں، جیل رولز کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جائیں، سپرنٹنڈنٹ یقینی بنائیں کہ بشری بی بی کو بھی قید تنہائی میں نہ رکھیں۔
عدالت نے کہا کہ درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹائی جاتی ہے لہٰذا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالتی ہدایات پر عمل یقینی بنائیں۔ جیل حکام کو بشریٰ بی بی کی بانی سے ملاقات کی ہدایت بھی کر دی گئی۔
فیصلے میں لکھا کہ جیل قوانین کے مطابق بانی کی فیملی سے ملاقات کروائی جائے جبکہ بانی کی بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کروائی جائے، بانی کی بیٹوں سے گفتگو کی آڈیوز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر یہ سہولت واپس لے لی جائے۔
عدالت نے فیصلے میں ہدایت کی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل 15 دن میں عمل درآمد رپورٹ جمع کروائیں۔
واضح رہے کہ علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی جبکہ مبشرہ خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے قید تنہائی کی تردید کرکے عدالت میں اپنا جواب جمع کروایا تھا۔
THE PUBLIC POST