کراچی؛ ایف آئی اے کی ڈیفنس میں کارروائی، لاکھوں کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد، 4ملزمان گرفتار

کراچی: ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی نے غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی کی نگرانی میں ایف آئی اے سی بی سی کراچی نے غیر قانونی کرنسی ڈیلرز اور ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایچ اے فیز-II ایکسٹینشن، سن سیٹ لین، کراچی ساؤتھ میں واقع ایک نجی بینک کے قریب ٹارگٹڈ ریڈ کیا۔

کارروائی کے دوران محمد نعمان، ذیشان جاوید شیخ، منصور اور ملیحہ ناز ہاشمی کو مبینہ طور پر غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کے لین دین میں ملوث پاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے 25 ہزار امریکی ڈالر، 4 کروڑ 70 لاکھ ایرانی ریال، 50 ہزار پاکستانی روپے، ایک سوزوکی آلٹو گاڑی اور 5 موبائل فونز برآمد ہوئے۔ موبائل فونز میں مبینہ غیر قانونی ہنڈی/حوالہ لین دین سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد موجود ہیں۔

گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ کرنسی و دیگر سامان کو ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی منتقل کر کے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مزید تحقیقات کے ذریعے نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں، مالیاتی روابط اور مرکزی کرداروں کا سراغ لگایا جا رہا ہے، جبکہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

ایف آئی اے غیر قانونی کرنسی ڈیلنگ، ہنڈی حوالہ اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والی غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھنے اور ایسے منظم نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Check Also

کل پورے ملک میں ہڑتال ہوگی، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پورے ملک میں جماعت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *