کراچی میں کسٹمز کی بڑی کارروائی، 212 کلو چرس برآمد

کراچی (رپورٹ: عمران خان) پاکستان کسٹمز اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بڑی کھیپ کی مبینہ ترسیل ناکام بنادی، مشکوک ٹویوٹا پریمیو سے 212 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔

کسٹمز حکام کے مطابق 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب سپر ہائی وے چیک پوسٹ پر تعینات اینٹی اسمگلنگ یونٹ نے لیاری ایکسپریس وے کے حسن اسکوائر انٹرچینج کے قریب مشکوک حرکات پر ٹویوٹا پریمیو، رجسٹریشن نمبر CBQ-843 کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی جانب فرار ہونے کی کوشش کی۔

حکام کے مطابق مشکوک گاڑی کو مبینہ طور پر پائلٹ گاڑیوں کی معاونت حاصل تھی۔ تعاقب کے دوران نیشنل اسٹیڈیم سگنل کے قریب پریمیو کسٹمز کی ویگو سے ٹکرا گئی، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا اور ایک ٹائر بھی پھٹ گیا، تاہم ڈرائیور نے فرار کی کوشش جاری رکھی۔کسٹمز ٹیم کے مطابق تعاقب کے دوران مشتبہ گاڑی کی معاونت کرنے والے افراد کی جانب سے مبینہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

مسلسل تعاقب کے بعد کسٹمز اہلکاروں نے آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے سامنے گاڑی کو روک لیا اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسے سپر ہائی وے چیک پوسٹ منتقل کردیا۔چیک پوسٹ پر گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈگی سے چرس کے 212 پیکٹس برآمد ہوئے، جن میں ہر پیکٹ کا وزن تقریباً ایک کلوگرام تھا۔

یوں مجموعی طور پر تقریباً 212 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ منشیات اور گاڑی کو مزید قانونی کارروائی، مقدمے کے اندراج اور تفتیش کے لیے اے ایس او ہیڈکوارٹر منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ منشیات کی ترسیل میں ملوث عناصر اور مبینہ سہولت کاروں سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ منشیات اور اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

Check Also

ایدھی ہوم میں ڈکیتی،فیصل ایدھی کا وزیرِ اعلیٰ سندھ کو خط

ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کے معاملے پر سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے سندھ کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *