‘اڈیالہ جیل کے قریب مارچ یا احتجاج کی کوشش نہ کریں،والد کی زندگی کو خطرہ ہوسکتا ہے

سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اڈیالہ جیل کے قریب مارچ یا احتجاج کرنے کی کوشش نہ کریں۔

پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کے حق میں 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب عمران خان کی تینوں بہنوں سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں اور کارکنوں کو زیر حراست لیا جاچکا ہے۔

قاسم خان نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ” مجھے اپنے ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ ایسے کسی اجتماع کو اڈیالہ جیل پر کسی ‘جوابی کارروائی’ کے لیے جواز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، جہاں میرے والد زیرِ حراست ہیں۔ ایسی کسی بھی صورتِ حال میں ان کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔”

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “اس لیے میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ احتیاط اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی کو بھی ایسا کوئی جواز یا موقع نہ دیں جس کے نتیجے میں کوئی ایسا واقعہ پیش آئے جو میرے والد کی جان کے لیے خطرہ بن جائے۔”

عمران خان کے صاحبزادے اس سے قبل مختلف بین الاقوامی میڈیا اداروں کو انٹرویو میں اپنے والد کی صحت سے متعلق خدشات اور تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت کا موقف ہے کہ سابق وزیراعظم کو علاج کی مکمل سہولیات میسر ہیں اور ان کا باقاعدہ چیک اپ کروایا جاتا ہے۔

Check Also

شاہ رخ خان دولت میں بڑی کمی کے باوجود بھارت کے امیر ترین اداکار، نئی فہرست جاری

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان ایک بار پھر بھارت کے امیر ترین اداکار بن …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *