وزیراعظم کی پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات،ترقی کے مشترکہ مقاصد کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر سراہا

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات کی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ان کے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو سراہا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے پرنس رحیم آغا خان پنجم نے ملاقات کی، جہاں وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال کے اوائل میں آغا خان کے دورہ پاکستان میں ہوئی ملاقات کو خوشگوار الفاظ میں یاد کیا۔

اس کے علاوہ شہباز شریف نے پاکستان سے دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات مستحکم رکھنے اور امن، استحکام، ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پرپرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہا اور معاشرے کے لیے خدمت اور شہری شمولیت کی اس قابلِ قدر روایت کو اجاگر کیا۔

شہباز شریف نے اے کے ڈی این سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا جبکہ انہوں نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ادھر پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم شہبازشریف کے پرتپاک جذبات پر اظہار تشکر کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ انہوں نے پاکستان اور اے کے ڈی این کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کاعزم کا اظہار کیا۔

مزید براں وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی دعوت بھی دی۔

Check Also

ایشین گیمز: اسکواش ایونٹ میں پاکستان کے دو میڈلز یقینی ہوگئے

ایشین گیمز میں اسکواش ایونٹ میں پاکستان کے دومیڈلز یقینی ہوگئے۔ ایچی ناگویا میں جاری …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *