کراچی: سعید آباد انوسٹیگیشن پولیس نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور اس کے 2 بیٹوں کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم مقتولہ کے دیور کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سعید آباد انوسٹیگیشن پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے تہرے قتل کے مقدمے میں نامزد ملوث ملزم عنایت محمد چشتی کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کا راہدری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی شاہ جہان خان کے مطابق گرفتار ملزم عنایت محمد چشتی نیول کالونی میں خاتون اوراس کے 2 بیٹوں کے تہرے قتل کا ماسٹر مائنڈ ہے، 18 اپریل کوسعید آباد تھانے کے علاقے نیول کالونی میں تہرے قتل کی واردات ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ مقتولہ خاتون کے سابقہ شوہر ولایت شوکت چشتی نے گھر میں فائرنگ کی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں ماں اوردو بیٹوں کو سروں پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، ماں کی شناخت سمیعہ اوربیٹوں کی شناخت 14 سالہ شہروز 12 سالہ عبداللہ کے نام سے کی گئی تھی۔
واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 126/26 بجرم 302/109 سعیدآباد میں مقتولہ کے سابقہ شوہر ولایت شوکت چشتی اوردیورعنایت محمد چشتی کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق مقتولہ خاتون سمعیہ نے ملزم ولایت سے طلاق کے بعد دوسری شادی کی تھی، طلاق کے بعد دوسری شادی پردونوں ملزمان بھائی شدید غصے میں تھے۔
مرکزی ملزم ولایت نے اپنے سگے بھائی اور گرفتار ملزم عنایت کے اکسانے پر تہرے قتل کی واردات انجام دی، ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی کا کہنا ہے کہ قتل کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کے بعد مرکزی ملزم ولایت کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
THE PUBLIC POST