میرے پاس کوئی جن نہیں ہے:آمنہ ملک

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ، ماڈل و میزبان آمنہ ملک نے جنات کو ڈانٹ کر اپنی گمشدہ چیزیں واپس منگوانے سے متعلق اپنے سابقہ بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس کوئی جن نہیں ہے۔

حال ہی میں اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں دیے گئے مافوق الفطرت سرگرمیوں سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ ملک نے کہا کہ تقریباً 1 سال قبل میں تابش ہاشمی کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئی تھیں، جہاں مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا مجھے کبھی کسی جنات کا تجربہ ہوا ہے؟ اس پر میں نے بتایا کہ ایک مرتبہ میرے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا تھا، جب میرے پیسے اور دیگر اشیاء غائب ہونے لگی تھیں۔

آمنہ ملک کے مطابق میں نے یہ سنا تھا کہ بعض گھروں میں جنات کے چھوٹے بچے شرارتیں کرتے ہیں اور اگر ان سے اپنی گم شدہ چیزوں کے بارے میں کہا جائے تو وہ انہیں واپس بھی کر دیتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے شو میں محض یہ واقعہ بیان کیا تھا اور بات وہیں ختم ہو گئی تھی، تاہم بعد میں اس معاملے کو غیر ضروری طور پر اچھالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوا تھا، جس پر میں نے انسٹاگرام پر واضح کیا تھا کہ میرے پاس کوئی جن نہیں ہے۔

آمنہ ملک نے مزید بتایا کہ ایک غیر سنجیدہ سوشل میڈیا پیج نے اس حوالے سے مواد شیئر کیا ہے، جسے ہٹانے کے لیے میں نے ذاتی طور پر پیغام بھی بھیجا، کیونکہ کوئی جن میرے تابع نہیں ہے۔

اداکارہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر واقعی میرے پاس جنات ہوتے تو شاید میں آج کہیں اور پہنچ چکی ہوتیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اب لوگ مجھے پیغامات بھیج کر کہتے ہیں کہ اگر میرے پاس جنات ہیں تو میں ان کی شادیاں کروا دوں یا ان کی گم شدہ چیزیں واپس دلوا دوں۔

آمنہ ملک نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے مجھ پر شرک کرنے کے الزامات لگائے اور مجھے جادوگرنی تک قرار دیا۔

انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدا کے لیے کسی کے بارے میں اتنی جلدی رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔ میں کوئی جادوگرنی نہیں ہوں اور نہ ہی میرے پاس الہٰ دین کا چراغ ہے کہ جسے رگڑتے ہی جن حاضر ہو جائے اور میری ہر خواہش پوری کر دے۔

آمنہ ملک نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر ایسا ممکن ہوتا تو یقیناً میری اپنی خواہشات بھی پوری ہو جاتیں۔

آخر میں اداکارہ نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے غیر مصدقہ دعوؤں پر یقین نہ کریں اور مذکورہ سوشل میڈیا پیج کو رپورٹ کریں۔

Check Also

مصطفیٰ عامر قتل کیس:ملزم ارمغان و شیراز کاعدالتی نوٹس وصول کرنے سے انکار

مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان اور شیراز نے عدالتی نوٹس وصول کرنے سے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *