پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 303 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو پاکستان کی پہلی وکٹ صفر کے اسکور پر ہی گر گئی جب فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے گس ایٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستانیسیاحت
31 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب بھی 8 رنز بناکر چلتے بنے۔ تجربہ کار بلے باز بابر اعظم 34، گزشتہ میچ کے سنچورین سلمان علی آغا 16 اور سعد بیگ بھی 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
حسن نواز (79)، عرفات منہاس (59) اور فہیم اشرف (39) نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا اسکور 296 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔ کپتان شاہین آفریدی 10 اور حارث رؤف 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3، گس ایٹکنسن نے 2 جبکہ سیم کرن، عادل رشید، ول جیکس اور جیمی اوورٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی سرزمین پر 21 سال بعد مدمقابل آئے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے مابین پاکستانی سرزمین پر آخری ون ڈے میچ 21 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا جس میں انگلینڈ کو فتح نصیب ہوئی تاہم سیریز 2-3 سے پاکستان کے نام رہی تھی۔
انگلینڈ نے 20 سال بعد 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان میں تین ون ڈے میچز کھیلے تھے اور تینوں میں ہی اسے شکست ہوئی تھی۔
حال ہی میں سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دے کر آنے والی انگلش ٹیم نے پاکستان میں آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 1987-88 میں جیتی تھی۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم اپنی سرزمین پر آخری تین ون ڈے سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے۔
پاکستان ٹیم کو راولپنڈی میں کھیلے گئے گزشتہ 10 ون ڈے میچز میں سے صرف ایک میں شکست ہوئی ہے۔
THE PUBLIC POST