پاکستانی اداکارہ میرا کی والدہ اپنی چھوٹی بیٹی شائستہ کی کینسر کے باعث ہونے والی موت اور بیماری کے دوران برداشت کی گئی تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں میرا کی والدہ نے بتایا کہ شائستہ نے انتہائی بہادری سے کینسر کا مقابلہ کیا، تاہم بیماری کے باعث ان کی جسمانی حالت مسلسل خراب ہوتی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ شائستہ کا بایاں بازو مکمل طور پر کام کرنا چھوڑ چکا تھا جبکہ تین ماہ قبل شدید خون بہنے کے باعث انہیں ہنگامی طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا جس کے بعد وہ صحت یاب نہ ہو سکیں۔
اداکارہ کی والدہ نے بتایا کہ میرا اپنی چھوٹی بہن سے بے حد محبت کرتی تھیں اور لندن میں تعلیم کے دوران شائستہ کی فیس سمیت تمام اخراجات بھی خود برداشت کرتی رہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بہن کے انتقال کی خبر نے میرا کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
میرا چاہتی تھیں کہ شائستہ کو پاکستان لایا جائے، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی طبی حالت کے پیش نظر سفر کی اجازت نہیں دی تھی۔
بیٹی کی جدائی اور بیماری کے آخری دنوں کو یاد کرتے ہوئے میرا کی والدہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔
THE PUBLIC POST