کراچی( رپورٹ : عمران خان ) ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ویسٹ میں کروڑوں روپے کے اسکینڈل میں ملوث افسر کو معمولی سزا دے کر چھوڑ دیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس میں بعض اعلیٰ افسران بھی اس افسر کے ساتھ شامل تھے جنہیں بچانے کے لئے ماتحت افسر پر ہلکا ہاتھ رکھا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز کے اپریزر کی مبینہ غفلت سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے ممکنہ نقصان کا معاملہ سامنے آگیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کسٹمز اپریزر فصیح الدین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے تین سال کے لیے دو سالانہ انکریمنٹس روکنے اور چھ ماہ کے لیے پرفارمنس الاؤنس بند کرنے کی سزا دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق اس کیس میں تین الگ پہلو سامنے آتے ہیں: درآمدی سامان کی غلط درجہ بندی، لیبارٹری رپورٹ کے انتظار میں کسٹمز سسٹم الرٹ جاری نہ کرنا، اور ممکنہ 1 کروڑ 54 لاکھ روپے کے ریونیو نقصان کے باوجود برطرفی کے بجائے معمولی سزا دینا۔ یہ تینوں پہلو مزید محکمانہ جانچ کے متقاضی ہیں۔
ایف بی آر کےکے نوٹیفکیشن کے مطابق فصیح الدین، اپریزر گریڈ 16، کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمینٹ ویسٹ کراچی کے خلاف انکوائری افسر20 گریڈ کے اظہر حسین مرچنٹ نے اپنی رپورٹ 4 اگست 2026 کو پیش کی۔ رپورٹ میں غفلت اور نااہلی کے الزامات ثابت قرار دیتے ہوئے معاملے کی سنگینی، ریونیو کو لاحق خطرے اور ریڈ چینل میں سامان کی جانچ کی اہمیت کے پیش نظر بڑی سزا یعنی ملازمت سے برخاست کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
انکوائری رپورٹ میں ایک آرڈر اِن اوریجنل کے تحت 4 کروڑ 43 لاکھ 9 ہزار 134 روپے کے ریڈمپشن جرمانے اور پینلٹی کی تصدیق کا حوالہ بھی دیا گیا۔ دوسری جانب سماعت کے دوران محکمانہ نمائندے ڈپٹی کلکٹر احمد ظہیر نے بتایا کہ درآمدی گڈز ڈیکلریشن میں سامان کو ’’بلیئرڈ ٹیبل کلاتھ‘‘ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم دوبارہ جانچ پر وہ صوفوں اور پردوں میں استعمال ہونے والا مختلف رنگوں کا کپڑا نکلا۔
کسٹمز افسر فصیح الدین نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے پرانے طریقہ کار کے مطابق دس فیصد سامان کی جانچ کی تھی اور کپڑے کی اصل نوعیت کے تعین کے لیے نمونے کسٹمز لیبارٹری بھجوائے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو ان کی بدنیتی تھی اور نہ ہی انہوں نے درآمد کنندہ کو کوئی ناجائز فائدہ پہنچانے کی کوشش کی۔
ایف بی آر کی مجاز اتھارٹی نے انکوائری رپورٹ، افسر کے جواب اور محکمانہ نمائندے کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ افسر نے نمونے لیبارٹری بھجوانے کے باوجود نظام میں کوئی الرٹ جاری نہیں کیا اور نہ ہی اپنی رپورٹ میں واضح کیا کہ لیبارٹری کی رپورٹ آنے تک سامان کی اسیسمنٹ نہ کی جائے۔ اتھارٹی نے اس عمل کو غفلت اور نااہلی تو قرار دیا، تاہم انکوائری افسر کی جانب سے تجویز کردہ ملازمت سے برخاستگی کی بڑی سزا کو غیر متناسب سمجھتے ہوئے مسترد کردیا۔
کسٹمز ریکارڈ کے مطابق متعلقہ افسر نے درآمدی سامان کی جانچ مکمل کرتے ہوئے امپورٹر اور کلیئرنگ ایجنٹ کی جانب سے ظاہر کردہ تفصیل پر انحصار کیا۔ بعد ازاں دوبارہ جانچ میں سامان کی اصل نوعیت مختلف پائی گئی۔ محکمانہ نمائندے کے مطابق اگر یہ فرق سامنے نہ آتا تو قومی خزانے کو ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مد میں تقریباً ایک کروڑ 54 لاکھ روپے کا ممکنہ نقصان ہوسکتا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فصیح الدین کی دو سالانہ ترقیوں کو تین سال کے لیے بغیر مجموعی اثر کے روک دیا گیا ہے، جبکہ ان کا پرفارمنس الاؤنس بھی چھ ماہ کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ چھ ماہ مکمل ہونے پر انہیں دوبارہ اس الاؤنس کے لیے اہلیتثابت کرنا ہوگی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ متعلقہ افسر کے خلاف ایک دوسرے مقدمے میں محکمانہ کارروائی ابھی زیر التوا ہے، جس کے باعث سزا کے باوجود انہیں معطلی سے بحال نہیں کیا گیا اور دوسری کارروائی مکمل ہونے تک معطلی برقرار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے خلاف افسر کو نوٹیفکیشن موصول ہونے کے 30 روز کے اندر اپیل کرنے کا حق بھی دیا گیا ہے۔
THE PUBLIC POST