کسٹمز نیلامی اسکینڈل ،افسران کو ملزم کے بجائے گواہ بنا کر بچانے کی کوشش: عدالت نے حتمی چالان مسترد کردیا

کراچی( رپورٹ : عمران خان)

کسٹمز انفورسمنٹ اے ایس اوکے ضبط شدہ قیمتی الیکٹرانکس سامان کی غیرقانونی نیلامی اور سرکاری گودام سے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کے ذریعے سامان غائب کرنے کے اسکینڈل میں اسپیشل کسٹمز عدالت نے کسٹمز کے تفتیشی افسرمحمد احسن مشتاق کی تحقیقات پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے حتمی چالان واپس کردیا۔ عدالت نے ایس پی ایس آکشن آفتاب کلہوڑو، پریونٹو افسران مہوش خان، مریم مختار اور سمبل عمران کے کردار کی ازسرنو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 14 روز میں جامع اور قانونی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔افسران کو ملزم بنانے کے بجائے گواہ قرار دینے پر سخت برہمیاظہار بھی کیا۔کروڑوں روپے مالیت کا ضبط شدہ الیکٹرانکس سامان جعلی دستاویزات پر گودام سے غائب، 15 لاکھ روپے کی رقم اور سامان بھی برآمد نہ ہوسکا۔

اسپیشل جج کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی اسمگلنگ عبید احمد خان نے مقدمے کی سماعت کے دوران قرار دیا کہ تفتیش میں اہم قانونی تضادات، جانبداری اور طریقہ کار کی سنگین خامیاں موجود ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر پریونٹو افسر محمد احسن مشتاق کو خبردار کیا کہ وہ محکمانہ ساتھیوں یا اعلیٰ افسران کے دباؤ سے بالاتر ہوکر غیرجانبدارانہ تحقیقات کریں۔

عدالتی حکم کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے تھانہ میں ایف آئی آر نمبر Auction Lot ASO-101/2025 مورخہ 2 ستمبر 2026 کو کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعات 32-A اور 178 کے تحت درج کی گئی تھی۔ مقدمہ پریونٹو افسر عمران مقصود کی شکایت پر قائم ہوا، جس میں بتایا گیا کہ کسٹمز ہاؤس کراچی کے اسٹیٹ ویئر ہاؤس ون میں ضبط شدہ قیمتی الیکٹرانکس سامان، جس کی سرکاری تخمینہ شدہ مالیت ایک کروڑ 26 لاکھ 73 ہزار 158 روپے اور مارکیٹ ویلیو ایک کروڑ 82 لاکھ 3 ہزار 257 روپے تھی، مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کے ذریعے گودام سے نکال لیا گیا۔

سامان کی غیرقانونی حوالگی کے لیے کسٹمز رولز 2001 کے رول 72 کے تحت جعلی سرٹیفکیٹ، بوگس ڈیلیوری آرڈر نمبر 004004، 15 لاکھ روپے کی غیرمصدقہ کسٹمز پیمنٹ رسید اور ایسا پی ایس آئی ڈی استعمال کیا گیا جس کے ذریعے رقم سرکاری خزانے میں جمع ہی نہیں ہوئی تھی۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ آکشن سیکشن سے نیلامی لاٹ کی اصل سرکاری فائل بھی غائب ہوگئی، جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔

عدالت نے حتمی چالان میں سب سے اہم تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایس پی ایس آکشن آفتاب کلہوڑو اور پریونٹو افسران مہوش خان، مریم مختار اور سمبل عمران کو تفتیشی افسر نے ملزمان کے بجائے استغاثہ کے گواہوں میں شامل کردیا، حالانکہ ان افسران کے خلاف اسی معاملے میں محکمانہ تحقیقات بھی جاری ہیں۔

عدالتی حکم کے مطابق مہوش خان آکشن سیکشن میں دستاویزات کی جانچ اور گیٹ پاس جاری کرنے کی ذمہ دار تھیں، جبکہ مریم مختار اسٹیٹ ویئر ہاؤس ون میں سامان کی تحویل اور حوالگی کی ذمہ دار تھیں۔ اس کے باوجود مبینہ طور پر پیمنٹ کی تصدیق اور دیگر ضروری کارروائیاں مکمل کیے بغیر سامان حوالے کردیا گیا۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ جب ان افسران کا کردار محکمانہ تحقیقات کے تحت مشکوک ہے تو انہیں فوجداری مقدمے میں بری الذمہ قرار دے کر گواہ کیسے بنایا جاسکتا ہے؟

عدالت نے مزید نشاندہی کی کہ ملزم شہزاد اسلم نے پریونٹو افسر سمبل عمران کو ڈھائی لاکھ روپے کی مبینہ ادائیگی کا الزام بھی لگایا تھا، لیکن تفتیشی افسر نے متعلقہ بینک ریکارڈ حاصل کرنے یا الزام کی آزادانہ تصدیق کرنے کے بجائے اسے مسترد کردیا۔

حکم نامے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ مبینہ طور پر چوری کیے گئے سامان میں سینکڑوں قیمتی الیکٹرانک اشیا، ٹیبلٹس، ایئرپوڈز پرو، مارشل اور جے بی ایل اسپیکرز اور میٹا کویسٹ سیٹس شامل تھے، تاہم تفتیش مکمل کرنے کے باوجود ایک بھی شے برآمد نہیں کی جاسکی۔ عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ مقدمے میں گرفتار بولی دہندہ طلحہ حفیظ کی دکان صدر کے اسٹار پلازہ میں موجود ہونے کے باوجود سامان کی برآمدگی کے لیے مؤثر کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔

عدالت کے مطابق مقدمے میں 15 لاکھ روپے نقد کی مبینہ منتقلی کا ذکر بھی موجود ہے، مگر تفتیشی افسر اس رقم کا سراغ لگانے، اسے منجمد کرنے یا ضبط کرنے میں ناکام رہا۔ اسی طرح واٹس ایپ پیغامات اور وائس نوٹس کو بطور ثبوت پیش کیا گیا، لیکن متعلقہ موبائل فونز کا باقاعدہ فرانزک تجزیہ نہیں کرایا گیا اور نہ ہی ڈیجیٹل شواہد کی قانونی تصدیق مکمل کی گئی۔

عدالت نے پرائیویٹ ٹائپسٹ قاضی سیف الدین کے کردار پر بھی سوال اٹھایا، جس کے بارے میں بتایا گیا کہ اس نے گیٹ پاس کے حصول میں سہولت فراہم کی اور 15 ہزار روپے وصول کیے، لیکن اسے بھی چالان میں ملزم یا گواہ کے طور پر مناسب طور پر شامل نہیں کیا گیا۔

اسپیشل کسٹمز عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ چاروں کسٹمز افسران کی قانونی حیثیت کا دوبارہ تعین کیا جائے، ان کے خلاف جاری محکمانہ تحقیقات کے نتائج عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائے جائیں، غائب شدہ الیکٹرانکس سامان اور 15 لاکھ روپے کی رقم کی برآمدگی کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے اور ضبط شدہ ڈیجیٹل آلات کو سرکاری فرانزک لیبارٹری بھجوایا جائے۔

عدالت نے سابقہ گاڑیوں کی نیلامی سے متعلق دو الگ معاملات کو بھی اس مقدمے سے خارج کرنے کا حکم دیا اور تفتیشی افسر محمد احسن مشتاق کو سختی سے متنبہ کیا کہ اگر تحقیقات میں جانبداری، حقائق چھپانے یا ملزمان کو تحفظ دینے کی کوشش سامنے آئی تو ان کے خلاف بھی محکمانہ اور فوجداری کارروائی کی جاسکتی ہے۔

اسپیشل جج عبید احمد خان نے حتمی رپورٹ دفعہ 173 ضابطہ فوجداری کے تحت 14 روز کے اندر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلے کی نقول ڈی جی کسٹمز اسلام آباد، کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی اور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو بھی ارسال کرنے کی ہدایت کردی۔

Check Also

کراچی میں اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورک پر کسٹمز کا وار

کراچی(رپورٹ: عمران خان)کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ کا اسمگلروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، مختلف کارروائیوں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *