کراچی: جھل مگسی کا 20 سالہ نوجوان ریبیز کے باعث جناح اسپتال کراچی میں دم توڑ گیا۔
رواں سال سندھ میں ریبیز کا شکار افراد کی اموات کی تعداد 43 ہوگئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق نوجوان کو 2 ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، تاہم متاثرہ نوجوان نے بروقت ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی تھی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوجوان کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال کی ایمرجنسی لایا گیا تھا، تاہم اسپتال پہنچنے تک اس میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوچکی تھیں۔
واضح رہے کہ جناح اسپتال کراچی میں رواں سال ریبیز کے باعث 12 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، جبکہ اسپتال میں رواں سال کتے کے کاٹنے کے تقریباً 13 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کراچی کے انڈس اسپتال میں رواں سال ریبیز کے باعث 30 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ انڈس اسپتال بدین میں رواں سال ریبیز سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
THE PUBLIC POST