ارجنٹائن کے سابق اسٹار فٹبالر کارلوس تیویز کے الوداعی میچ میں لیونل میسی کی شرکت کی تصدیق ہو گئی جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ نمائشی میچ 20 دسمبر کو بیونس آئرس کے معروف لا بومبونیرا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جسے ’اپاچیز لاسٹ ڈانس‘ کا نام دیا گیا ہے۔
42 سالہ کارلوس تیویز نے 2022ء میں اپنے آبائی کلب بوکا جونیئرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فٹبال کو خیرباد کہا تھا۔
تیویز ارجنٹائن کی قومی ٹیم میں میسی کے ساتھ کھیل چکے ہیں جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ میں رونالڈو کے ساتھ بھی وقت گزار چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر پرتگالی اسٹار رونالڈو نے شرکت کی دعوت قبول کر لی تو فٹبال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میسی اور رونالڈو ایک ہی ٹیم کی جانب سے کھیلتے دکھائی دیں گے جو کہ کئی برسوں سے ایک دوسرے کے بڑے حریف رہے ہیں۔
میسی کی شرکت کا اعلان کر دیا گیا ہے تاہم سعودی کلب النصر کی مصروفیات کے باعث رونالڈو کی شرکت کا تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
میچ میں اٹلی کے سابق گول کیپر جان لوئیجی بوفون، خوان رومان ریکلمے، ریو فرڈینینڈ، سرخیو آگوئرو، مارٹن پالرمو اور گیبریل باتیستوتا سمیت دیگر نامور فٹبالرز بھی شرکت کریں گے جبکہ روبرٹو مانچینی اور کارلوس بیانکی دونوں ٹیموں کی کوچنگ کریں گے۔
THE PUBLIC POST