بھارت کے خلاف جنگ میں فیلڈ مارشل نے میری مشاورت سے فیصلےکیے، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی میں جنگ کے میدان میں افواج پاکستان نے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کیا جس پر امریکی کانگریس نے بھی مہر لگادی، جنگ کے دوران فیلڈ مارشل نے بلا خوف میری مشاورت سے فیصلے کیے۔

وزیراعظم نے باغ آزادکشمیر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھا۔ 137 کنال پر محیط اس دانش اسکول میں تقریباً 800 بچے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو دفاعی میدان کی طرح معاشی میدان میں بھی مضبوط بنانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور آزادکشمیر کی ترقی کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

دانش اسکول میں بچوں اور بچیوں کے لیے الگ الگ کیمپسز بنائے گئے ہیں۔ اسکول میں کھیلوں کی سہولیات، لانڈری، کیفے، ہاسٹل اور ڈیجیٹل لائبریری بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ باغ میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ یہ وہ دانش گاہ ہے جس کا سفر ہم نے پنجاب سے شروع کیا تھا ۔آج ملک بھر میں دانش اسکولوں کا بننا خوش آئند ہے۔

بھمبر میں دانش اسکول کا 35 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور محکمہ تعلیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ باغ کے دانش اسکول کا افتتاح 23 مارچ 2026 کو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دانش اسکول کا دائرہ کار وادی نیلم تک پھیلایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر نے فارورڈ کہوٹہ میں دانش اسکول کی فرمائش کی ہے اور ان کی خواہش پر وہاں کے لیے تحفتاً دانش اسکول کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دانش اسکول پاکستان کے نامور تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں ، جس میں غریب بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں کے ذریعے تعلیم سے متعلق علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ کا خواب پورا ہو رہا ہے۔ دانش اسکولوں کا جو خواب دیکھا تھا، اس کی تکمیل کا وقت آگیا ہے اور یہاں پڑھنے والے بچے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اسے عظیم ملک بنائیں گے۔

وزیراعظم نے امریکی کانگریس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مئی میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور امریکی کانگریس کی رپورٹ نے جنگ میں ہماری فتح پر مہر ثبت کر دی۔

انہوں نے کہا کہ اب تو امریکی صدر بھی تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان نے بھارت کے جدید جنگی جہاز مار گرائے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی 7 بھارتی جہاز مار گرانے کا ذکر کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عزت سے نوازا ہے اور شاہینوں کی کارکردگی نے دشمن کو گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کیا۔ جنگ میں بری افواج نے الفتح میزائل داغے اور فیلڈمارشل کی قیادت میں بلاخوف مشاورت سے بھرپور فیصلے کیے۔

افواج پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیامیں وقار بلند ہوا۔پوری دنیا میں ہمارے لئے گرم جوشی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔

وزیراعظم نے معاشی میدان میں دن رات محنت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جو قومیں معاشی طور پر ترقی نہیں کرتیں وہ کامیاب نہیں ہوتیں، ایک دن آئے گا کہ ہماری قرضوں سے جان چھوٹ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیربنے گا پاکستان اور دانش سکول بھی وہاں تعمیر ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آزادکشمیر میں گورننس کا مثالی معیار قائم کر تے ہوئے عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وفاقی وزیرامیرمقام نے تقریب سے خطاب میں کہا وزیراعظم ملک کے کونے کونے میں دانش اسکول کاخواب پوراکررہےہیں۔ دانش اسکولوں کایہ اقدام تاریخ کاحصہ بنے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیرفیصل راٹھورنے کہا پورے پاکستان میں دانش اسکولوں کاسلسلہ بڑھانےمیں وزیراعظم شہبازشریف کاکردارقابل ستائش ہے۔ دانش اسکول وزیراعظم کی علم دوستی کاواضح ثبوت ہے۔

Check Also

میرا بھائی بھی کرپشن میں ملوث ہو تو اُسے سزا ملنی چاہیےوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ میرا بھائی بھی کرپشن میں ملوث …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *