آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔ قومی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان کی سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے جارہانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو ورلڈکپ میں پہلی فتح سے ہمکنار کرایا۔
پہلی اننگز میں نیدر لینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 27 رنز پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کر لیا۔
محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف میدان میں آئے جنہوں نے تیز کھیلتے ہوئے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا جتوا دیا۔
قبل ازیں پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
مائیکل لیوٹ 24، میکس او داؤد 5، کولن ایکر مین 20، باس ڈی لیڈ 30، کپتان اسکاٹ ایڈروڈز 37، لوگن وین بیک صفر، زیک لائن کیشے 9، وینڈر مروا 4، آریان دت 13 اور پال وین میکران بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسپنر محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
میچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں پہلی بار ایسی پِچ دیکھ رہا ہوں، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم اور عثمان خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ شامل ہے جس کے ساتھ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ بنگلادیش کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھیلنے سے انکار کر رکھا ہے۔ پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹائٹل کے لیے 20 ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی۔ میگا ایونٹ کے بھارت اور سری لنکا مشترکہ میزبان ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں کل 55 میچز ہوں گے جبکہ فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
THE PUBLIC POST