وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات مہنگی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
تیل کی عالمی قیمتیں بڑھیں تو عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، وزیراعظم نے بتا دیا
وزیراعظم نے کہا کہ وعدے کے مطابق جس قدر ہو سکا، ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بروقت پالیسی سازی اور مالی نظم و ضبط سے صورتحال سے نمٹنے کی کوشش جاری ہے، مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنےکیلئے اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا، یہ خوش آئند ہے کہ وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ساتھ دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مقرر کردہ قیمت سے زائد وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں، دعا گو ہیں کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔
2 روز قبل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال خان نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیل کی عالمی قیمتیں بڑھتی ہیں تو عوام پر بوجھ نہیں ڈال سکتے، ایسی صورت میں حکومت تیل کی اضافی قیمتوں کا بوجھ خود برداشت کرے گی۔
وزیر تجارت نے واضح کیا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت ایکسپورٹرز کو بہت زیادہ سبسڈی نہیں دے سکتے پاکستان اور دیگر ممالک کی کوشش ہے کہ یہ کشیدگی کم ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بحیرہ احمر اور فجیرا اور سعودی عرب کے سمندری راستے ہیں، جس سے ہم اپنی ایکسپورٹ کو متاثر ہونے سے بچا رہے ہیں، سیستان بلوچستان اگر متاثر ہوگا تو پاکستان کا بلوچستان بھی معیشت اور سیاسی لحاظ سے متاثر ہوگا۔
THE PUBLIC POST