کراچی: 3 سالہ بچہ مین ہول میں کیسےگرا، راہگیروں نے کیسی بے حسی دکھائی فوٹیج سامنے آگئی

کراچی: سپرہائی وے پر بچے کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سپرہائی وے فقیرہ گوٹھ کے قریب مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی دلخراش سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائے نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

فوٹیج میں بچے کے گرنے کے مناظر اور راہگیروں کی انتہائی بے حسی کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، معصوم بچہ سڑک پر اکیلا اپنے گھر کی جانب جا رہا تھا۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سڑک پر ایک ہی لائن میں چار مین ہولز کے ڈھکن غائب تھے، جن کے گرد نشاندہی کے لیے صرف بڑے پتھر رکھے گئے تھے۔ بچے نے ادھر ادھر دیکھتے ہوئے پہلا مین ہول تو پار کر لیا، لیکن جیسے ہی وہ دوسرے مین ہول کے قریب پہنچا، وہ سیدھا اس کے اندر جا گرا۔

انتہائی افسوسناک بات یہ ہے کہ جس وقت بچہ مین ہول میں گرا، سڑک پر کئی لوگ گزر رہے تھے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اپنی فیملی کے ساتھ جانے والا ایک موٹر سائیکل سوار رک کر واپس مڑا اور مین ہول کے قریب آیا، لیکن اس نے نیچے اتر کر بچے کو بچانے یا کسی سے مدد مانگنے کی زحمت تک نہ کی اور محض اندر جھانک کر خاموشی سے وہاں سے روانہ ہو گیا۔

اس دلخراش واقعے کے بعد انتظامیہ کی نیند ٹوٹی اور چیئرمین سراب گوٹھ نے فوری طور پر ان چاروں کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگوا دیے۔ مقامی افراد نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی غفلت اور راہگیروں کی بے حسی کو بچے کی موت کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

Check Also

کراچی: شارع فیصل پر ایف ٹی سی کی عمارت میں آگ لگ گئی

کراچی کی مرکزی شاہراہ، شارع فیصل پر واقع ایف ٹی سی عمارت میں آگ بھڑک …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *