پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ کنزہ ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اداکار علی رضا دوستی سے قبل ایک دوسرے کے شدید دشمن ہوا کرتے تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران دونوں اداکاروں نے اپنے تعلقات کے حوالے سے دلچسپ قصے سنائے اور ماضی کی تلخیوں کا ذکر کیا۔
کنزہ ہاشمی نے بتایا کہ علی رضا سے ان کی پہلی ملاقات ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ اداکارہ کے مطابق پروڈکشن کی جانب سے انہیں الگ کمرے دیے گئے تھے لیکن میک اپ روم ایک ہی تھا۔ کنزہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چھوٹے اسپیکر پر گانے سن رہی تھیں کہ علی رضا بڑے اسپیکر کے ساتھ وہاں پہنچے اور ماحول بدل دیا۔
انہوں نے سب سے بات کی مگر کنزہ کو نظر انداز کیا، جس پر اداکارہ نے انہیں ‘اوور’ سمجھا اور وہیں سے لڑائی کا آغاز ہوا۔ تلخی اس وقت بڑھی جب ایک ویڈیو ٹرینڈ کے معاملے پر علی رضا نے کنزہ سے پہلے ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کر دی۔
دوسری جانب اداکار علی رضا نے وضاحت کی کہ ان کے درمیان دشمنی کی اصل وجہ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پیدا کی گئی غلط فہمیاں تھیں۔ ٹیم کے ارکان دونوں کو ایک دوسرے کے خلاف باتیں سناتے تھے۔ تاہم، ایک بار ایئرپورٹ پر ہونے والی ملاقات نے سب کچھ بدل دیا۔ دونوں اداکاروں نے بیٹھ کر بات چیت کی، تمام غلط فہمیوں کو دور کیا اور اس طرح دشمنی گہری دوستی میں بدل گئی۔
THE PUBLIC POST