کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں واقع ایک معروف رہائشی پراجیکٹ میں مبینہ غیر قانونی اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاعات کے بعد ساؤتھ پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی تیز کرتے ہوئے پراجیکٹ انتظامیہ کو باضابطہ خط ارسال کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حالیہ مہینوں میں مقامی تھانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رہائشی پراجیکٹ میں ڈانس پارٹیوں، منشیات کے استعمال، جسم فروشی، آن لائن جوا اور دیگر سماجی برائیوں سے متعلق متعدد خفیہ رپورٹس موصول ہوئیں، جس کے بعد سیکیورٹی اور نگرانی کے اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ پراجیکٹ کے تمام آباد اور خالی فلیٹس کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں، جبکہ وہاں رہائش پذیر افراد، کرایہ داروں اور عمارت میں کام کرنے والے تمام ملازمین کا ریکارڈ بھی جمع کرایا جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ رہائشی پراجیکٹ میں کسی بھی عوامی اجتماع، تقریب، پارٹی، فیسٹیول یا سماجی سرگرمی کے انعقاد سے قبل متعلقہ پولیس حکام کو پیشگی اطلاع دینا لازمی ہوگا تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ رہائشی پراجیکٹ میں اہم شخصیات، وی آئی پیز اور ملکی و غیر ملکی باشندے رہائش پذیر ہیں، اس لیے وہاں امن و امان اور رہائشیوں کی حفاظت مقامی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
THE PUBLIC POST