چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ عالمی صورتحال جیسی بھی ہو پاکستان کیساتھ تعلقات ہمیشہ اولین ترجیح ہیں۔
چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور سیکیورٹی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا “پرانا دوست” قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان نے ناقابلِ شکست روایتی دوستی قائم کی ہے، انہوں نے کہا کہ بیجنگ اپنی ہمسایہ سفارت کاری میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ ترجیح دیتا ہے۔
چینی صدر نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کے تعمیری اور ثالثی کردار کو بھی سراہا، ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کو مل کر یکطرفہ پالیسیوں اور سرد جنگ کی ذہنیت کی مخالفت کرنی چاہیے۔
شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو اعلیٰ سطحی روابط اور وسیع تر سیکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال کے باوجود پاکستان سے تعلقات چین کی اولین ترجیح رہیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے کے “آئرن برادرز” ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات بے مثال نوعیت کے حامل ہیں۔
رائٹرز نے کہا ہے کہ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
THE PUBLIC POST