بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنے دوست اداکار شاہ رخ خان کو 61 ویں سالگرہ پر دلچسپ انداز میں مبارک باد دی ہے۔
سلمان خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے نئے گانے ’تو مل جائے‘ کی ویڈیو شیئر کی۔
انہوں نے گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ سالگرہ مبارک شاہ رخ! ہمیشہ جوان رہو دی کنگ! یہ میری دعا ہے۔

سلمان خان کی جانب سے سالگرہ کے موقع پر موصول ہونے والی اس مبارکباد پر شاہ رخ خان نے جواب بھی دلچسپ انداز میں دیا۔
انہوں نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ آپ نے کہا تھا کہ بغیر شرٹ کے اچھی باڈی ہے، اسی لیے محنت کی، لو یو بھائی۔

بالی ووڈ کے دونوں بڑے ستاروں کی دوستانہ نوک جھونک سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنی 61 ویں سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ ’منت‘ کی بالکونی سے مداحوں کو اپنی ایک جھلک بھی دکھائی جس پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
اداکار نے بالکونی سے ہاتھ ہلا کر اپنے مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
شاہ رخ خان کی 61 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی نئی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے نئے ٹیزرز بھی ریلیز کیے گئے۔
فلم ’کنگ‘ کی کاسٹ میں شاہ رخ خان کے ساتھ دیپیکا پڈوکون، سہانا خان اور ابھیشیک بچن سمیت دیگر معروف فنکار شامل ہیں، فلم 24 دسمبر 2026ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔
THE PUBLIC POST